اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) جڑواں شہروں میں مون سون بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے، راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش سے نظامِ زندگی متاثر ہوگیا۔
صادق آباد اور ڈھوک الٰہی بخش میں بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا، جبکہ مری روڈ، راول روڈ اور ڈھوک کھبہ میں بھی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔
سید پور میں 71 ملی میٹر،گولڑہ میں 113 ملی میٹر بارش ریکارڈ۔ بوکرہ میں 45 اور پی ایم ڈی میں 57 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شمس آباد 45، کچہری 33، پیرودہائی51، گوالمنڈی میں 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی،
مسلسل بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی، کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ سے تجاوز کرگئی۔
صورتحال کے پیش نظر نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیے گئے، جبکہ قریبی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی۔
محکمہ موسمیات نے جڑواں شہروں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے کئی علاقوں میں بارش کا امکان
ادھر لاہور میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری ہے، جبکہ کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے۔












