لاہور ( پاک ترک نیوز) پاکستان کے نجی اور سرکاری اسکولوں میں بچوں کا بے فارم ضروری قرار دے دیا گیا ، اگر آپ کے بچے کا ب فارم پرانا ہے یا اس کی میعاد میں کوئی تکنیکی مسئلہ ہے، تو سکول انتظامیہ داخلہ فارم قبول کرنے سے معذرت کر سکتی ہے۔ اس لیے جتنا جلد ہو سکے بچوں کا ب فارم بنوا لیں ۔
نادرا نے عوام کی سہولت کے لیے اب ب فارم بنوانے کے عمل کو بہت سادہ بنا دیہے۔ آپ اپنی سہولت کے مطابق درج ذیل میں سے کسی بھی طریقے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔اگر آپ روایتی طریقہ پسند کرتے ہیں تو آپ اپنے قریبی نادرا دفتر جا سکتے ہیں۔چونکہ بچے کی لائی تصویر لی جاتی ہے اس لیے بچے کا دفتر جانا ضروری ہے ۔والد یا والدہ میں سے کسی ایک کا ساتھ ہونا اور اصل شناختی کارڈ لانا لازمی ہے۔اگر آپ نادرا دفتر کی لائنوں سے بچنا چاہتے ہیں، تو نادرا کی آفیشل موبائل ایپ ایک بہترین حل ہے۔آپ گھر بیٹھے اپنے موبائل فون سے بچے کی تصویر اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔ضروری دستاویزات اسکین کر کے جمع کروائی جا سکتی ہیں۔فیس کی ادائیگی بھی آن لائن کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ممکن ہے۔
چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ ،نیا ب فارم بنوانے کے لیے بچے کا پرانا ب فارم ،والد اور والدہ کے اصل شناختی کارڈ ضروری ہیں بچے کا یونین کونسل سے جاری شدہ کمپیوٹرائزڈ برتھ سرٹیفکیٹ بھی جمع کرانا لازم ہے۔
ماہرین کےمطابق ب فارم کے معاملے میں سستی نہ دکھائیں۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ والدین تب نادرا دفتر دوڑتے ہیں جب سکول میں داخلے کی آخری تاریخ سر پر ہوتی ہے۔ فارم جمع کراتے وقت بچے کے نام کے ہجے چیک کریں ، اگر آپ ٹیکنالوجی سے تھوڑی واقفیت رکھتے ہیںتو پاک آئی ڈی ایپ استعمال کریں ،یہ نہ صرف وقت بچاتی ہے بلکہ آپ کو دفاتر کے چکروں سے بھی نجات دلاتی ہے۔
نادرا نے بچوں کے فارم ب کا نیا طریقہ بھی متعارف کرایا ہے۔بچے کی پیدائش پر پہلا ب فارم تصویر کے بغیر بنے گا، جس کی معیاد بچے کی تین سال عمر تک ہوگی۔دوسرا ب فارم تین سال کی عمر مکمل ہونے کے بعد تصویر کے ہمراہ بنے گا اور اس کی مدت بچے کی 10 سال کی عمر تک ہوگی۔ یہ فارم بچے کی عمر 10 سال ہونے تک موثر رہے گا۔بچے کی عمر 10 سال سے زیادہ ہونے پر ب فارم دوبارہ بنے گا، جس کے لیے بچے کی تصویر، آئرس فنگر پرنٹس لیے جائیں گے اور اس کی میعاد 18 سال کی عمر تک ہوگی۔
بچے کی شناخت اس کا بنیادی حق ہے اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے یہ والدین کا فرض ہے کہ وہ بچے کا ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھیں۔ جیسے ہی آپ کا بچہ تین سال کا ہو، فوری طور پر اس کا تصویر والا ب فارم بنوائیں۔ یہ ایک چھوٹا سا قدم آپ کے بچے کے تعلیمی مستقبل کو محفوظ اور آسان بنا دے گا۔










