کابل (پاک ترک نیوز)افغانستان کے مختلف صوبوں میں طالبان مخالف مزاحمتی گروہوں نے مسلح کارروائیوں میں اضافے کے دعوے کیے ہیں۔ نیشنل انڈیپینڈنس فرنٹ اور افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کی جانب سے تازہ حملوں کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔
نیشنل انڈیپینڈنس فرنٹ کے مطابق صوبہ بدخشاں میں طالبان کی وزارتِ معدنیات کے نائب وزیر عبدالمتین سعید کے قافلے کو راکٹ حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں نائب وزیر کے 6 محافظ ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ قندھار کے ضلع ارغنداب میں طالبان کی چیک پوسٹ پر مسلح کارروائی کے دوران ایک اہلکار ہلاک ہوا، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ قبضے میں لے لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی وسط مدتی انتخابات میں ٹرمپ کو بڑا سیاسی دھچکا
گروپ کے مطابق سرِپل کے ضلع البدر میں طالبان کی ایک چوکی پر بھی مسلح حملہ کیا گیا، شدید جھڑپ کے بعد چوکی پر قبضہ کرلیا گیا، کارروائی میں ایک طالبان اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔












