اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) اسپیکر چیمبر میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ختم ہوگیا، فریقین نے کل دوبارہ بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا۔
اسلام آباد میں سیاسی معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے وفود کے درمیان اسپیکر چیمبر میں مذاکرات ہوئے، تاہم مذاکرات کے پہلے دور میں فریقین کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچ سکے۔
مذکرات کے دوران حکومت نے تحریک انصاف کو لانگ مارچ ختم کرنے کی درخواست کی جبکہ پی ٹی آئی نے بانی سے ملاقات ،علاج معالجے اور بانی کی بہنوں خی رہائی کے مطالبات پیش کیے ،
مذاکرات کے اختتام کے بعد بیرسٹر گوہر اور علامہ راجہ ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھ دیے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں اچھی پیشرفت ہوئی ہے، دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے مؤقف سے آگاہ کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت سے ہم مطمئن ہیں، بات چیت مثبت ماحول میں آگے بڑھی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ مذاکرات کا دوسرا دور کل دو بجے ہوگا، جس میں اہم سیاسی معاملات پر مزید بات چیت کی جائے گی۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے بھی مذاکرات کے دوسرے دور کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فریقین کے درمیان بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔
حکومتی اور اپوزیشن وفود کے درمیان مذاکرات کا مقصد سیاسی معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے اور باہمی اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہے۔ پہلے دور میں فریقین نے اپنے اپنے مؤقف اور مطالبات ایک دوسرے کے سامنے رکھ دیے، جبکہ آئندہ اجلاس میں ان معاملات پر مزید پیش رفت متوقع ہے۔












