اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) صومالیہ میں ہائی جیک بحری جہاز ایم وی آنر 25 کے 4 پاکستانی عملے کے ارکان بحفاظت بازیاب ہوگئے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ اور جبوتی میں پاکستانی سفارتخانے کی مسلسل کوششوں سے صومالیہ میں ہائی جیک کیے گئے بحری جہاز ایم وی آنر 25 کے 10 پاکستانی عملے میں سے 4 افراد کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق یاسر خان، عقیل خان، امین بن شمس اور عثمان غنی کل کراچی پہنچیں گے، ان شاء اللہ۔
نائب وزیراعظم نے بتایا کہ ایم وی آنر 25 کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے 3 پاکستانیوں رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری کی میتیں بھی پاکستان منتقل کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جاں بحق پاکستانیوں کی میتوں کی جلد واپسی کے لیے تمام قانونی اور دیگر ضروری کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔
اسحاق ڈار نے جاں بحق پاکستانیوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
نائب وزیراعظم کے مطابق باقی 3 پاکستانی عملے کے ارکان عمران علی، یاسین محمد اور سید یوسف حسین، کپتان سمیت، تاحال بحری جہاز پر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ باقی پاکستانی عملے کی بحفاظت بازیابی اور جلد پاکستان واپسی کے لیے دوست ممالک کے ساتھ فعال رابطہ کاری جاری ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معاملے پر مسلسل پیش رفت کی نگرانی کررہی ہے اور تمام پاکستانی شہریوں کی جلد واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارت خارجہ متاثرہ پاکستانی خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔












