لاہور(پاک ترک نیوز)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ نے صوبوں کے قیام کے معاملے پر ریفرنڈم کی بات کی ہے، میرے خیال میں اس معاملے پر عوامی رائے لے لینی چاہیے۔ اگر عوام نئے صوبوں کے حق میں فیصلہ دیں تو صوبے بنا دیے جائیں اور اگر عوام نہ چاہیں تو ایسا نہ کیا جائے۔
ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ 1973 کے آئین میں واضح ہے کہ اختیارات کی اصل طاقت عوام کے پاس ہونی چاہیے۔ سندھ میں پیپلز پارٹی خود کو عوام کا نمائندہ قرار دیتی ہے، اگر سندھ کے عوام نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کریں تو ان کی رائے کا احترام کیا جانا چاہیے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ صوبوں کے قیام کا معاملہ چند افراد کے فیصلے تک محدود نہیں ہونا چاہیے، جبکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم کو بھی مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے بھی ان کی بات ہوئی ہے، جنہوں نے اپنے بیان میں کرپشن کے حوالے سے گفتگو کی تھی۔ ملک محمد احمد خان کے مطابق اب ایک دوسرے پر الزام تراشی کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، کیونکہ ملک کو دہشت گردی جیسے چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چھوٹے شاہین بھارت سورمائوں کو ایک بار پھر دھول چٹانے کیلئے تیار
کتب بینی کے فروغ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ خوش آئند ہے کہ لوگ کتابوں کی طرف توجہ دے رہے ہیں، کیونکہ کسی بھی معاشرے کی بہتری تعلیم سے جڑی ہوتی ہے۔ حکومتیں اگر مطالعے کے رجحان کو زندہ رکھنا چاہتی ہیں تو کتابوں پر ٹیکسز میں کمی کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی سیاسی جدوجہد سے وابستہ ہے اور ملک کے بہتر مستقبل کے لیے عوامی مسائل، تعلیم اور وسائل کی منصفانہ تقسیم پر توجہ دینا ہوگی۔






