اسلام آباد(پاک ترک نیوز)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد اور نگرانی سے متعلق کمیٹی کا اجلاس وزارت خارجہ میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں سرکاری اخراجات میں کمی، وسائل کے مؤثر استعمال اور کفایت شعاری سے متعلق سابقہ فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومتی کفایت شعاری مہم کے مقاصد حاصل کرنے کے لیے مسلسل عملدرآمد اور قریبی رابطہ کاری ضروری ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ غیر ضروری اخراجات میں کمی اور انتظامی کارکردگی بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: صوبوں کے قیام کا فیصلہ عوامی ریفرنڈم کے ذریعے ہونا چاہیے، اسپیکر پنجاب اسمبلی
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کفایت شعاری کے اقدامات کو مستقل بچت میں تبدیل کرنا تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اجلاس میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی، معاون خصوصی طارق باجوہ، وفاقی سیکریٹریز اور چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔












