اسلام آباد(پاک ترک نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث دنیا بھر میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، تاہم پٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافے کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا گیا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فیول سبسڈی اسکیم سے اب تک ساڑھے 7 کروڑ افراد فائدہ اٹھا چکے ہیں، جبکہ ایل پی جی کے حوالے سے بھی ایک نظام ترتیب دیا گیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہو رہے ہیں، خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران کا دورہ کیا، جہاں ہونے والی ملاقاتوں میں مثبت گفتگو ہوئی۔ تہران میں ایرانی قیادت کے ساتھ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی کی نئی رینکنگ ، بابر اعظم نویں، صاحبزادہ فرحان ٹی 20 میں دوسرے نمبر پر برقرار
وزیراعظم نے خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں امن و استحکام کے لیے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔












