اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے حکومتی پٹرولیم قیمتوں کے طریقہ کار کے تحت سات اکتوبر 2026 کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں میں ردوبدل کردیا۔
اعلامیے کے مطابق پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 19 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 394 روپے 83 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 91 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 395 روپے 85 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں عالمی منڈی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔
اعلامیے کے مطابق عالمی منڈی میں قیمتوں میں تبدیلی، مال برداری کے نرخ، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔











