خیبرپختونخوا (پاک ترک نیوز)باڑہ شیخان میں پولیس مقابلے کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والا مطلوب کمانڈر مارا گیا، دو پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔
خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق باڑہ شیخان کے علاقے میں کامیاب کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کا انتہائی مطلوب کمانڈر سیف اللہ ہلاک ہوگیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب اور اشتہاری تھا، جو طویل عرصے سے افغانستان فرار تھا۔
پولیس کے مطابق سیف اللہ میدانک کے علاقے میں متعدد چیک پوسٹوں پر براہ راست حملوں جبکہ جمرود کے علاقے علی مسجد میں آئی ای ڈی دھماکوں میں بھی ملوث تھا۔ وہ مبینہ طور پر افغانستان سے ایک دہشت گرد تشکیل کا کمانڈر بن کر پاکستان میں کارروائیوں کے لیے آیا تھا، جسے پولیس مقابلے کے دوران ہلاک کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانے پر دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام
مقابلے میں دو پولیس اہلکاروں کو معمولی خراشیں آئیں، جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کردی گئی۔
آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر کی ہلاکت پر پولیس اہلکاروں کو شاباش دی ہے۔
آئی جی پولیس کے مطابق خیبرپختونخوا کی سرزمین کو دہشت گردی سے پاک کرنے تک کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔












