اسلام آباد (پاک ترک نیوز ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوج ہماری ریڈ لائن ہے اور ملک کے دفاع پر مامور سپاہیوں کو کسی بھی سیاسی بحث کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیر کی سرحد پر کھڑا پاکستانی سپاہی صرف سرحدوں کی حفاظت نہیں کرتا بلکہ وہ اپنے گھر، والدین اور بچوں کو چھوڑ کر اپنی جان خطرے میں ڈال کر پاکستان کا دفاع کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کی فوج ہماری ریڈ لائن ہے، جبکہ ہمارے سپاہی پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کا احترام ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ شہید فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر قربانی کا احترام کیا جائے گا اور شہداء کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ جو لوگ اپنا آج ہماری محفوظ کل کے لیے قربان کر رہے ہیں، ان کی عزت اور وقار کا تحفظ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے











