اسلام آباد (پاک ترک نیوز )برطانیہ اور پاکستان نے دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن اور ویزا فراڈ کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔
برطانوی وزیر مملکت برائے سلامتی ڈین جاروس نے پاکستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقاتیں کیں۔
وزارت داخلہ میں ہونے والی ملاقات میں وزیر مملکت طلال چوہدری بھی شریک ہوئے، جبکہ پاکستان اور برطانیہ کے وفود کے درمیان بھی مذاکرات ہوئے۔
ملاقاتوں میں افغانستان کی صورتحال، علاقائی سلامتی، انسداد دہشت گردی اور سنگین منظم جرائم کے خلاف مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ممالک نے انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، نادرا، سائبر کرائم، امیگریشن، کوسٹ گارڈز اور تربیتی پروگرامز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر معلومات کے تبادلے کو بہتر بنانے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطے مضبوط کرنے اور دہشت گرد و جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
برطانوی وزیر مملکت ڈین جاروس نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کو مشترکہ سیکیورٹی خطرات کا سامنا ہے، جن کا مل کر مقابلہ کرنے سے دونوں ممالک کو زیادہ محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
ملاقاتوں میں دونوں ممالک نے سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے کے شعبوں میں عملی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔











