راولپنڈی(پاک ترک نیوز ) پاک فوج نے فتح ٹو توسیع شدہ رینج میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا، جس سے دور دراز اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق میزائل جدید رہنمائی کے نظام اور جدید برقی آلات سے لیس ہے، جو دورانِ پرواز اپنا راستہ اور سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق میزائل دشمن کے دفاعی نظام کو چکمہ دینے اور انتہائی درستگی کے ساتھ مقررہ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق میزائل کی مار کرنے کی صلاحیت میں اضافے سے پاک فوج کی عملی رسائی مزید وسیع ہوگی اور دور دراز اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت بہتر ہوگی۔
تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران، سائنس دانوں اور انجینئروں نے کیا۔ اس موقع پر کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے سائنس دانوں اور انجینئروں کی محنت اور اعلیٰ تکنیکی مہارت کو سراہا۔
صدرِ مملکت، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنس دانوں اور انجینئروں کو مبارک باد پیش کی۔












