اسلام آباد (پاک ترک نیوز )وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سطح کی مربوط ڈیجیٹل پالیسی فریم ورک پر عمل درآمد پر جائزہ اجلاس ہوا ،وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ وفاقی حکومت کے زیر انتظام نئے قائم کردہ قومی سطح کے مرکزی ڈیٹا سینٹر سکائی 47 کی سہولیات تمام وفاقی اداروں کو میسر کرنے کے لیے فوری طور پر موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا پبلک سیکٹر میں قومی سطح پر ایک مربوط ڈیٹا سینٹر ہی تمام اداروں کے ڈیٹا کو مرکوز جگہ فراہم کرے گا اور مختلف اداروں کے علیحدہ علیحدہ ڈیٹا سینٹرز کے قیام کو روکنے سے قومی وسائل کی بچت ہوگی۔
وزیراعظم نے کہاپاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی حکومتی خدمات, معاشرتی نظام بالخصوص عوام کو شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے فعال مستعد اور انقلابی سمت کا تعین کر رہی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاعصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق قومی ڈیجیٹل ویژن کا اطلاق ایک مربوط معاشرے کی تشکیل میں کلیدی حیثیت رکھتاہے۔
وزیراعظم نے کہا قومی و مربوط ڈیجیٹل ویژن کے تحت ڈیجیٹل معیشت، ڈیجیٹل شہری سہولیات اور ڈیجیٹل حکومتی خدمات، تین بنیادی ستون پر جاری کام لائق تحسین ہے۔قومی مربوط ڈیجیٹل پالیسی پر موثر عمل درآمد سے عالمی شراکت داری اور عالمی فورمز پر ملک کی موثر نمائندگی یقینی بنائی جا سکے گی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہاتمام متعلقہ اداروں اور وفاقی و صوبائی حکومت کی مشاورت سے قومی ڈیجیٹل ویژن پر مکمل عمل درامد سے اداروں کی فیصلہ سازی، کارکردگی اور شفافیت عالمی معیار سے ہم آہنگ ہو جائے گی
وزیراعظم نے کہا قومی ڈیجیٹل ویژن کے مکمل اطلاق کے بعد شہریوں کو ایک ہی ڈیجیٹل آئی ڈی کے تحت تمام تر عوامی سہولیات بشمول دستاویزات کی حکومتی تصدیق، بنک کی سہولیات، صحت، ٹرانسفرز اور دیگر تمام سہولیات ایک ہی جگہ میسر ہو سکیں گی۔
وزیراعظم نے کہا نیشنل ڈیجیٹل کمیشن کا اجلاس جلد بلایا جائے تاکہ صوبوں سمیت تمام شراکت داروں کو اس پالیسی پر اعتماد میں لیا جائے۔
وزیراعظم شہبازشریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق قومی ڈیجیٹل ویژن کا اطلاق ،زراعت، خوراک، صحت, انرجی، ہاؤسنگ اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتی و تجارتی اداروں کے شعبوں میں کیا جا رہا ہے
بریفنگ میں کہا گیاان چار شعبوں کے علاوہ دیگر 14 ترجیحاتی سیکٹرز پر وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق کام کیا جا رہا ہے جو نہ صرف شعبہ جاتی کارکردگی کو بہتر بنائیں گے بلکہ ملکی معیشت اور اور صنعت اور تجارت میں بھی مثبت اثرات مرتب کریں گے۔
بریفنگ میں کہا گیاہاوسنگ کے شعبے میں اس کے اطلاق کے بعد نجی و سرکاری تمام املاک کے لیے ایک مرکزی نشاندہی نمبر میسر آ سکے گا۔ ڈیجیٹل نظام کے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے شعبے میں اطلاق سے کاروبار کی منفرد قانونی شناخت کا ایک مربوط نظام مرتب ہوگا جو ملک کی مجموعی پیداوار میں اضافے کا باعث بنے گا۔ بریفنگ
بریفنگ کے مطابق قومی ڈیجیٹل ویژن کے مکمل اطلاق کے لیے تمام قانونی، انتظامی اور ادارہ جاتی اقدامات تیزی سے مکمل کیے جارہے ہیں۔ اس تناظر میں عالمی ماہرین اور عالمی اداروں کی راۓ، اور دنیا میں رائج بہترین طریقوں سے بھی استفادہ حاصل کیا گیا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب, وفاقی وزیر برائے کامرس جام کمال خان، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیرقومی صحت سید مصطفی کمال، , وفاقی وزیر براۓ انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ سرکاری اداروں کے عہدے داران نے شرکت کی۔












