لاہور( پاک ترک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی نے ملاقات کی، جس میں کاروباری آسانیوں، صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر احسان افضل خان بھی شریک تھے۔وفاقی اصلاحاتی کمیٹی نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سہولتوں کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اقدامات کو سراہا۔ مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صنعت اور کاروبار کے فروغ کے لیے نمایاں اقدامات کیے گئے ہیں اور وفاقی کمیٹی کاروباری آسانیوں کے لیے جو سفارشات لے کر آئی ہے، پنجاب پہلے ہی ان پر عمل درآمد کر رہا ہے۔
ہارون اختر کے مطابق پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعت کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے محنت کی گئی ہے، جبکہ صوبے کے مختلف منصوبوں میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور ان کی ٹیم کی کاوشیں نظر آتی ہیں۔اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ صنعتی ترقی ہی تیز رفتار معاشی ترقی کا راستہ ہے اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے مقامی صنعت کا فروغ ناگزیر ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت کو کاروباری سہولتوں کے لیے ڈیجیٹلائزیشن میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اسکل ڈویلپمنٹ کے نظام کو ایک چھت تلے بہتر بنایا گیا ہے اور مختلف شعبوں کی ضروریات کے مطابق تربیت فراہم کرنے کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے عزم اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی کوششوں پر بھی اعتماد کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹیٹ بینک نے شرح سود 12 فیصد کر دی، 50 بیسس پوائنٹس کا اضافہ
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں ٹیکس نیٹ بڑھا کر نئے ٹیکس عائد کیے بغیر واجبات کی وصولی بہتر بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔ کاروباری افراد کے لیے زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں، جبکہ صوبے کی کلسٹر میپنگ مکمل کر لی گئی ہے اور کاٹیج انڈسٹری کے فروغ کے لیے خصوصی ہب قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آسان کاروبار فنانس اسکیم کے ذریعے نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ پنجاب میں لائیوسٹاک کے فروغ اور گوشت کی برآمدات بڑھانے کے لیے بھی پالیسی پر عمل جاری ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں آسان کاروبار فنانس اسکیم کے تحت 70 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے گئے، جبکہ ایک لاکھ 12 ہزار کاروباروں کو مالی معاونت دی گئی۔
بریفنگ کے مطابق ’’ای بز‘‘ پورٹل کے ذریعے سنگل ونڈو اور ون پورٹل نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت 28 محکموں کی 437 سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔ پورٹل پر 2 لاکھ 10 ہزار 31 درخواستوں پر کارروائی جاری ہے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ طویل دستاویزی کارروائی کو محدود دستاویزات تک لایا گیا ہے، جبکہ ’’مریم کی دستک‘‘ سروس کے ذریعے شہریوں کو اب تک 45 لاکھ ڈیجیٹل خدمات فراہم کی جا چکی ہیں۔












