اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی، جس میں خیبرپختونخوا میں صوبائی ایمرجنسی کے دوران وزیراعلیٰ کے انتظامی اختیارات گورنر کو منتقل کرنے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔
وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق صوبائی ایمرجنسی کے دوران خیبرپختونخوا کے روزمرہ انتظامی امور گورنر تفویض کردہ اختیارات کے تحت انجام دیں گے۔ گورنر خیبرپختونخوا اپنے اختیارات کے استعمال سے متعلق ہر ماہ وفاقی حکومت کو جائزہ رپورٹ بھی پیش کریں گے۔
کابینہ نے خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل پر زور دیا کہ وہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کرے۔
اجلاس میں پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی بھی توثیق کی گئی۔ یہ معاہدہ 11 جون 2023 کو طے پایا تھا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
وفاقی کابینہ نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری بھی دے دی۔ وزارت خزانہ کی سفارش پر کیے گئے اس فیصلے کے تحت ملک بھر کے مصوروں اور ڈیزائنرز سے تجاویز حاصل کی گئی تھیں، جبکہ کابینہ کمیٹی نے متعلقہ فریقوں سے مشاورت بھی کی۔
نئے کرنسی نوٹوں میں جعل سازی کی روک تھام کے لیے جدید سیکیورٹی فیچرز اور معیاری میٹریل استعمال کیا جائے گا، جس سے نوٹوں کی پائیداری اور استعمال کی مدت میں بھی اضافہ ہوگا۔
اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے دس روپے کے بینک نوٹ کی جگہ دس روپے کا سکہ متعارف کرانے کی منظوری بھی دے دی۔
اجلاس میں سرکاری ملکیتی اداروں سے متعلق کابینہ کمیٹی کے 26 اکتوبر کے فیصلوں کی توثیق کی گئی، جبکہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 22 جنوری، 26 فروری، 5، 18 اور 27 اگست اور 11 اور 22 ستمبر کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی بھی منظوری دے دی گئی۔












