کراچی (پاک ترک نیوز )پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یومِ آزادیِ صحافت کے موقع پر پیغام میں صحافیوں اور میڈیا پرسنز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ،بلاول بھٹو نے کہا صحافی اور میڈیا کارکنان قومی تاریخ میں سچ اور جمہوریت کے ثابت قدم نگہبان کا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ آزادیِ صحافت جمہوریت کے لیے ناگزیر اور امن، معاشی بحالی، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے تحفظ کی بنیاد بھی ہے
بلاول بھٹو زرداری نے کہا جہاں سچ قدغنوں سے محفوظ ہوتا ہے وہ معاشرے فروغ پاتے ہیں اور جہاں اسے دبایا جاتا ہے وہاں امید ماند پڑنے لگتی ہے۔صحافی، میڈیا ادارے اور ریاستی ادارے معلومات کی ساکھ کے تحفظ کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں
بلاول بھٹو نے کہا گمراہ کن معلومات کے بڑھتے ہوئے خطرے کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ڈیجیٹل دور میں فیک نیوز عوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہیں اور جمہوری مکالمے کو مسخ کر دیتی ہیں۔صحافت کی آزادی کو سچ، درستگی اور پیشہ ورانہ اخلاقیات سے جڑا رہنا چاہیے
بلاول بھٹو نے کہا پیپلز پارٹی کی قیادت طویل عرصے سے تعصب پر مبنی منفی پروپیگنڈے اور میڈیا ٹرائلز کا سامنا کرتی رہی ہے۔پی پی پی قیادت کے خلاف میڈیا ٹرائیلز کا مقصد عوام کے ساتھ اس کے مضبوط تعلق کو کمزور کرنا تھا۔پی پی پی قیادت کے خلاف میڈیا ٹرائیلز اور منفی پروپیگنڈہ جیسے تمام حربے ہمیشہ ناکام رہے
بلاول بھٹو زرداری کا کہناہے میڈیا ٹرائیلز اور منفی پروپیگنڈہ کے باوجود پیپلز پارٹی صحافت اور اظہارِ رائے کی آزادی کی غیر متزلزل حامی رہے گی۔فیک نیوز کا مقابلہ دباؤ سے نہیں بلکہ شفافیت، ذمہ دار صحافت اور سچ کی مضبوط روایات سے کیا جا سکتا ہے۔آئیے آج ہم ان لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں جو سچ کے لیے اپنی آواز کو خطرے میں ڈالتے ہیں











