پشاور (پاک ترک نیوز) وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی پریس کانفرنس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔شفیع جان کا کہنا ہے کہ محسن نقوی شہداء کے جنازوں کو سیاسی بیان بازی کا موضوع نہ بنائیں، شہداء کے جنازوں کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے استعمال کرنا نہایت افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء کی مسلسل پریس کانفرنسز سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے شدید خوفزدہ ہیں۔
شفیع جان کے مطابق وفاقی وزیر جب قانون کی بات کرتے ہیں تو انہیں آئین میں دیے گئے عوام کے بنیادی حقوق بھی یاد رکھنے چاہئیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ محسن نقوی کہتے ہیں پی ٹی آئی سے نمٹنے کے لیے مستقل لائحہ عمل بنائیں گے، تو یہی لائحہ عمل معاشی استحکام کے لیے کیوں نہیں بنایا گیا؟شفیع جان نے دعویٰ کیا کہ معیشت کو نقصان پی ٹی آئی کی وجہ سے نہیں بلکہ وفاقی حکومت کی نام نہاد تجربہ کار معاشی ٹیم کی پالیسیوں سے پہنچ رہا ہے۔وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ وفاقی حکومت کی دھمکیوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ فارم 47 کی حکومت یاد رکھے کہ پاکستان تحریک انصاف طویل عرصے سے حکومتی ظلم و جبر کا سامنا کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کے 2کارکنوں کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور،5 جیل منتقل
شفیع جان نے مزید کہا کہ اگر وفاقی حکومت کو لانگ مارچ کا خوف نہیں تو اسلام آباد کو ابھی سے کنٹینر سٹی کیوں بنا دیا گیا ہے؟انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے آئینی اور جمہوری حقوق سے کبھی دستبردار نہیں ہوگی اور 27 ستمبر کا احتجاج ان کے بقول آئینی حق ہے، جسے دھمکیوں سے نہیں روکا جاسکتا۔












