اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران صوبے کی سیاسی صورتحال، امن و امان اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ ملاقات میں وفاق اور صوبے کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان آج مصر کا دورہ کریں گے
ملاقات میں وفاقی وزیر امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ بھی شریک تھے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے بھی ملاقات کی اور حالیہ مون سون بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کیے گئے پیشگی انتظامات پر بریفنگ دی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو فوری اور ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں۔ انہوں نے رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، امدادی سامان کی بروقت ترسیل اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر تیار رہنے اور ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات یقینی بنانے پر زور دیا۔












