تہران ( پاک ترک نیوز) امریکا کی ایران کے ہمسایہ ممالک کو سرحدیں بند کرنے پر آمادہ کرنے کی سفارتی کوششیں ناکام ہوگئیں، واشنگٹن کئی ہفتوں کی کوششوں کے باوجود ترکیہ اور دیگر پڑوسی ممالک کو قائل نہ کرسکا۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق ایران کو ہتھیاروں کی منتقلی روکنے کے لیے امریکا نے خصوصی ٹاسک فورس ’’آئرن گیٹ‘‘ قائم کردی ہے، تاہم یہ فورس براہِ راست فوجی کارروائیاں نہیں کرے گی بلکہ ایران کے ہمسایہ ممالک کو اپنی افواج استعمال کرنے پر آمادہ کرے گی۔رپورٹ کے مطابق عراق اور ترکیہ امریکی حکمت عملی کا اہم مرکز ہیں، تاہم ترکیہ نے ایران کے ساتھ سرحدی پالیسی تبدیل کرنے سے بڑی حد تک انکار کردیا ہے۔
ایران کے پڑوسی ممالک کو خدشہ ہے کہ سرحدی تجارت بند کرنے سے ان کے اپنے ملکوں میں معاشی مشکلات اور اندرونی بدامنی جنم لے سکتی ہے۔دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر کے حکم پر قائم ٹاسک فورس میں تقریباً 20 فوجی اور سویلین اہلکار شامل ہوں گے، جس کا مرکز امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹیمپا میں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: مساجد کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، عوام کا دوٹوک مؤقف
آئرن گیٹ ایران کی زمینی سرحدوں اور بحیرہ کیسپین کے راستے جدید ہتھیاروں اور ممنوعہ سامان کی نقل و حرکت روکنے کے لیے امریکی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔












