انقرہ ( پاک ترک نیوز) ترکیہ میں زیرِ تعلیم ایک ایرانی طالبہ نے چائے کے تقریباً 5 ہزار تازہ پتوں سے ہاتھ سے تیار کردہ منفرد لباس بنا کر سب کی توجہ حاصل کر لی۔
طالبہ یگانہ شولاکی کا کہنا ہے انہوں نے اس لباس کی تیاری میں چائے کے تازہ پتے بنیادی مواد کے طور پر استعمال کیے اور پورا لباس ہاتھ سے تیار کیا۔ ان کے مطابق لباس مکمل کرنے میں چار دن لگے۔
طالبہ کا کہنا تھا کہ انہیں رائزے شہر سے خاص لگاؤ ہے اور چونکہ یہ شہر اپنی چائے کی پیداوار کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے، اس لیے انہوں نے چائے ہی کو اپنی تخلیق کا مرکزی موضوع بنایا۔
انہوں نے کہا، "رائزے کی سب سے نمایاں پہچان چائے ہے، اسی لیے مجھے اس لباس کے ڈیزائن کا خیال چائے کے پتوں سے آیا۔
یگانہ شولاکی نے مزید بتایا کہ انہوں نے اس منفرد لباس کے لیے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اندراج کی درخواست بھی جمع کرا دی ہے۔ ان کے مطابق نمائش کے دوران لباس کو دیکھنے والوں نے غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیا اور اس تخلیق کو خوب سراہا۔












