انقرہ ( پاک ترک نیوز) ترکیہ نے جدید کروز میزائل ’چاکر‘ کے زمینی پلیٹ فارم سے فائرنگ کے کامیاب تجربات مکمل کر لیے۔میزائل ساز ادارے روکیٹسان کے مطابق دو الگ تجربات کے دوران چاکر نے کامیابی سے زمینی اور سمندری اہداف کو نشانہ بنایا۔تجربات میں میزائل کے جدید انفراریڈ امیجنگ سیکر اور نئے ایندھن کے نظام کے ذریعے اضافی رینج کی صلاحیت بھی جانچی گئی۔
چاکر میزائل کو ابتدا میں بغیر پائلٹ جنگی طیاروں سے لانچ کرنے کے لیے تیار کیا گیا تھا، تاہم حالیہ تجربات میں اسے زمینی گاڑیوں سے بھی لانچ کرنے کی صلاحیت ثابت ہوگئی ہے۔روکیٹسان کے مطابق میزائل کو کم ریڈار سگنیچر اور زیادہ درستگی کے ساتھ تیار کیا گیا ہے، جبکہ اس کا جدید نیوی گیشن نظام مختلف موسمی حالات میں متعدد اقسام کے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔چاکر میں دشمن کی جانب سے کی جانے والی مزاحمتی کارروائیوں کا مقابلہ کرنے اور ضرورت پڑنے پر دوبارہ حملہ کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔ اس میں نصب ڈیٹا لنک کے ذریعے دورانِ مشن ہدف تبدیل کرنے یا حملہ منسوخ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ترکیہ کے مقامی ساختہ گوک بے ہیلی کاپٹر کے پہلے فضائی عملے کی تربیت مکمل
مقامی طور پر تیار کردہ کیل کے ٹی جے-1750 ٹربو جیٹ انجن سے لیس چاکر میزائل کی رینج 150 کلومیٹر سے زائد بتائی گئی ہے۔ اس کا وزن بوسٹر کے بغیر تقریباً 275 کلوگرام جبکہ بوسٹر کے ساتھ تقریباً 330 کلوگرام ہے۔اس سے قبل مئی 2023 میں ترکیہ کے بائراکتار اکنجی ڈرون سے چاکر میزائل کامیابی سے فائر کیا گیا تھا، جسے دنیا میں ڈرون سے کروز میزائل فائر کرنے کا پہلا تجربہ قرار دیا گیا تھا۔












