گلگت ( پاک ترک نیوز) گلگت بلتستان کے الیکشن میں انتخابی مہم کا آج آخری روز ۔۔ رات بارہ بجے انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق انتخابی مہم ختم ہونے کے بعد سیاسی جماعتوں کو حلقوں کی حدود میں جلسے، جلوس، ریلیاں اور کارنر میٹنگز کی اجازت نہیں ہوگی ، انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نااہلی، جرمانے اور قید سمیت مختلف سزائیں ہوں گے۔
انتخابی مہم کے آخری روز جوڑ توڑ اور سیاسی رابطوں میں تیزی ،گلگت بلتستان میں انتخابات کے لیے پولنگ سات جون کو ہو گی ، چوبیس نشستوں پر چار سو تین امیدواروں میں مقابلہ ہو گا۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے ٹکٹ پر 131 امیدوار انتخابی دوڑ کا حصہ بنے ہیں۔
سیاسی جماعتوں میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز 23 امیدواروں کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 22 امیدواروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی کے 15، پاکستان مسلم لیگ کے 11، اسلامی تحریک پاکستان اور پاکستان نظریاتی پارٹی کے 10، 10 جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 9 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ مجلس وحدت المسلمین کے 7، جماعت اسلامی اور متحدہ قومی موومنٹ کے 6، 6 جبکہ عوامی ورکرز پارٹی کے 4 امیدوار میدان میں موجود ہیں۔












