اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) پنجاب میں طویل عرصے سے زیرِ التوا بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے، الیکشن کمیشن نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات 14 دسمبر کو کرانے کی تجویز دے دی۔الیکشن کمیشن نے انتخابات کا مجوزہ شیڈول پنجاب کے چیف سیکریٹری کو مشاورت کے لیے بھجوا دیا ہے، جبکہ حتمی شیڈول الیکشن کمیشن کی منظوری کے بعد جاری کیا جائے گا۔مجوزہ شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی 27 سے 30 اکتوبر تک جمع کرائے جائیں گے۔
کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 2 سے 5 نومبر تک ہوگی، جبکہ کاغذاتِ نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 7 سے 11 نومبر تک دائر کی جا سکیں گی۔اپیلوں پر انتخابی ٹریبونلز 12 سے 16 نومبر تک فیصلے کریں گے۔مجوزہ شیڈول کے مطابق امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 18 نومبر ہوگی، امیدواروں کی حتمی فہرست 19 نومبر کو جاری کی جائے گی جبکہ انتخابی نشانات 20 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔












