اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِ منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے ملاقات کی ہے جس میں ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منصوبوں کی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو جاری ترقیاتی منصوبوں، ان پر ہونے والی پیش رفت اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ قومی اہمیت کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کو نہ دھمکی دی جاسکتی ہے، نہ لالچ،عباس عراقچی
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاعوامی فلاح و بہبود، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پائیدار معاشی ترقی کے حصول کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تمام متعلقہ وزارتیں اور ادارے باہمی تعاون اور مؤثر رابطے کے ذریعے منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کریں تاکہ عوام کو جلد از جلد ان کے ثمرات پہنچ سکیں۔
وزیراعظم اور احسن اقبال کی ملاقات میں قومی ترقی کے مختلف پہلوؤں اور آئندہ کے ترقیاتی اہداف پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔












