اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) گرمی میں بجلی کی طلب بڑھنے پر پاکستان نے ایل این جی کی فوری خریداری کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا،ٹینڈر کے مطابق دس لاکھ ٹن گیس کی خریداری کی جائے گی ۔یہ اقدام گرمیوں میں بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث کیا گیا ۔ یہ گزشتہ دو ماہ میں چوتھا ایل این جی ٹینڈر ہے۔
پاکستان کئی سالوں سے قطر سے طویل المدتی معاہدے کے تحت سستی ایل این جی حاصل کر رہا تھا، لیکن مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کے بعد قطر کی ایل این جی پیداوار اور برآمدات متاثر ہوئیں، جس سے پاکستان کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے نتیجے میں حکومت کو دوبارہ اسپاٹ مارکیٹ سے گیس خریدنے پر مجبور ہونا پڑا۔
اسپاٹ مارکیٹ میں ایشیا کے اندر ایل این جی کی قیمتیں جنگ کے بعد بڑھ گئی ہیں، کیونکہ خلیجی خطے کی گیس سپلائی آبنائے ہرمز کے باعث متاثر ہوئی ہے۔ اس کے باوجود پاکستان نے تقریباً تین سال بعد دوبارہ اسپاٹ مارکیٹ سے خریداری شروع کی ہے، کیونکہ طویل المدتی قطری سپلائی کی کمی نے بجلی کے بحران اور لوڈشیڈنگ میں اضافہ کر دیا ہے۔
مئی کے وسط میں حکومت نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے بعد قطر کے دو ایل این جی جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کا انتظام کیا، جو پہلے سے موجود طویل المدتی معاہدے کے تحت ضروری ایندھن لے کر آئے۔ ان میں سے ایک جہاز مارچ کے بعد آبنائے ہرمز سے گزرنے والا پہلا ایل این جی ٹینکر تھا، جب ایران نے مبینہ طور پر امریکی اور اسرائیلی میزائل حملوں کے بعد اس راستے کو بند کر دیا تھا۔












