اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) ملک کے تیل و گیس کے شعبے سے اچھی خبر سامنے آگئی، او جی ڈی سی ایل نے بوبی آئل فیلڈ میں نئے ترقیاتی کنویں بوبی-11 سے کامیاب دریافت کا اعلان کردیا۔او جی ڈی سی ایل کے مطابق بوبی-11 کنویں سے تقریباً ایک ہزار بیرل یومیہ خام تیل حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ کنویں سے ایک ایم ایم ایس سی ایف ڈی قدرتی گیس کی پیداوار بھی متوقع ہے۔بوبی آئل فیلڈ او جی ڈی سی ایل کی 100 فیصد ملکیت ہے، جہاں نئے کنویں کی کامیابی سے علاقے میں تیل و گیس کے مزید وسیع ذخائر کے امکانات پر اعتماد مضبوط ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی حکومت کا تختہ الٹنا اسرائیل کا مرکزی ہدف ہے: نیتن یاہو
کمپنی کے مطابق بوبی ڈیپ-1 کی سابقہ دریافت سے حاصل ہونے والی زیرِ زمین معلومات نے بوبی-11 کی کامیاب کھدائی اور دریافت میں اہم معاونت فراہم کی۔او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ بوبی-11 کی کامیابی سے بوبی آئل فیلڈ کی مزید ترقی اور نئے مواقع کے دروازے کھل گئے ہیں۔کمپنی کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور ماہرین کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر موجودہ اثاثوں سے اضافی پیداوار حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔












