لندن ( پاک ترک نیوز) انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان جو روٹ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شاندار فتح کے دوران انگلینڈ کے آنے والے ہیڈ کوچ اسٹیفن فلیمنگ ان سے روزانہ رابطے میں رہے۔لیڈز ٹیسٹ میں پاکستان کو ایک اننگز اور 103 رنز سے شکست دینے کے بعد جو روٹ نے کہا کہ فلیمنگ سیریز کے اختتام کے بعد باضابطہ طور پر ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، تاہم وہ گزشتہ ہفتے کے دوران مسلسل ان سے رابطے میں رہے۔
جو روٹ کے مطابق فلیمنگ کی ٹیم کی حکمت عملی اور اہداف میں پہلے ہی سے بھرپور دلچسپی قابلِ تعریف ہے۔پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے تین روز میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ اولی رابنسن اور جوش ٹنگ نے 8،8 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ٹیم میں واپسی کرنے والے جارڈن کوکس اور ڈین لارنس نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔جو روٹ نے اپنی باؤلنگ لائن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے پاس موجود معیار اور باؤلنگ گروپ کو شاید خود اندازہ نہیں کہ وہ کتنا اچھا ہے اور مختلف حالات میں ایک دوسرے کو کس قدر بہترین انداز میں سپورٹ کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انگلش فاسٹ بولر برائیڈن کارس کیخلاف نائٹ کلب واقعے کی تحقیقات
انہوں نے جارڈن کوکس کی بھی تعریف کی اور کہا کہ نمبر تین پر بیٹنگ کرتے ہوئے وہ انتہائی پُرسکون اور اپنے کھیل پر مکمل اعتماد کے ساتھ نظر آئے۔ ڈین لارنس کی ہیری بروک کے ساتھ شراکت داری اور اپنے انداز میں بیٹنگ بھی شاندار رہی۔












