لیڈز ( پاک ترک نیوز) پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے سابق کپتان اور اسٹار بیٹر جو روٹ نے اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ برابر کردیا۔
لیڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز جو روٹ نے شاندار نصف سنچری اسکور کی، جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کی 68ویں نصف سنچری ہے۔جو روٹ نے 305 اننگز میں 68 نصف سنچریاں بنا کر سچن ٹنڈولکر کی 68 نصف سنچریوں کا ریکارڈ برابر کیا، ٹنڈولکر نے یہ کارنامہ 329 اننگز میں انجام دیا تھا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والوں کی فہرست میں سچن ٹنڈولکر اور جو روٹ 68، جبکہ ویسٹ انڈیز کے شیو نارائن چندرپال 66 نصف سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔جو روٹ نے بطور کپتان بھی کلائیو لائیڈ کو پیچھے چھوڑ دیا، روٹ کی کپتان کی حیثیت سے نصف سنچریوں کی تعداد 42 ہوگئی ہے۔
بطور ٹیسٹ کپتان سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والوں میں گریم اسمتھ 61، رکی پونٹنگ 54، ایلن بارڈر 51، مصباح الحق 43 اور جو روٹ 42 نصف سنچریوں کے ساتھ شامل ہیں۔جو روٹ نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں جارڈن کاکس کے ساتھ مل کر 150 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم پاکستان نے جو روٹ کو 68 رنز پر آؤٹ کرکے اہم وکٹ حاصل کرلی۔
یہ بھی پڑھیں: لیڈز ٹیسٹ: انگلینڈ کی پوزیشن مستحکم، پاکستان کے خلاف 195 رنز کی برتری
واضح رہے کہ پاکستان اپنی پہلی اننگز میں 171 رنز پر آؤٹ ہوا تھا، جس کے جواب میں انگلینڈ نے جو روٹ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پہلی اننگز میں برتری حاصل کرنے کی پوزیشن مضبوط کرلی۔












