کراچی ( پاک ترک نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ہولڈنگ کمپنی نے قومی فضائی کمپنی کی نجکاری کے عمل کے دوران 11 جائیدادوں کی فروخت کے بعد ملک اور بیرونِ ملک موجود 36 جائیدادیں اپنے پاس برقرار رکھی ہیں۔
نجکاری سے متعلق دستاویزات کے مطابق کمپنی کے پاس موجود جائیدادوں میں پاکستان، امریکہ اور فرانس میں واقع اہم اثاثے شامل ہیں، جن میں نیویارک کا معروف روزویلٹ ہوٹل اور پیرس کا سکرائب ہوٹل بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف شہروں میں دفاتر، گودام، فارم ہاؤس، رہائشی کالونیاں اور سیکڑوں ایکڑ اراضی بھی ان اثاثوں کا حصہ ہیں
دستاویز کے مطابق سات جائیدادیں نجکاری کے عمل سے الگ رکھتے ہوئے رواں سال چار مارچ کو جاری کیے گئے سرکاری نوٹیفکیشن کے ذریعے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز سے ہولڈنگ کمپنی کو منتقل کی گئیں
ان میں کراچی، لاہور اور پشاور کے سیارہ گھر، کراچی کا جہانگیر اسپورٹس کمپلیکس اور فٹبال گراؤنڈ، لاہور میں دیال سنگھ مینشن کا دفتر اور اسلام آباد کے بلیو ایریا میں واقع پلاٹ نمبر 57 شامل ہیں۔
بلیو ایریا میں واقع اس پلاٹ کی مالیت تقریباً بارہ ارب روپے بتائی گئی ہے، جسے قومی فضائی کمپنی سے ہولڈنگ کمپنی کے نام منتقل کیا گیا۔ نجکاری کمیشن کی دستاویزات کے مطابق نجکاری کے معاہدے میں شامل 11 جائیدادوں میں اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کے بکنگ اور سیلز دفاتر کے علاوہ ممبئی، نئی دہلی، ایمسٹرڈیم، تاشقند اور نیویارک میں واقع بیرونِ ملک جائیدادیں شامل تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایتھوپین ایئرلائنز کے سابق سربراہ کو پی آئی اے کا سی ای او بنانے کی تیاری
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ہولڈنگ کمپنی کے پاس برقرار رہنے والے اثاثے مستقبل میں کمپنی کے بقایا قرضوں اور واجبات کی ادائیگی کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
حکومت کو توقع ہے کہ موجودہ مالی سال کے دوران قومی فضائی کمپنی کے باقی ماندہ 25 فیصد حصص بھی فروخت کر دیے جائیں گے، جس سے تقریباً 45 ارب روپے حاصل ہونے کی امید ہے۔
ہولڈنگ کمپنی کے پاس رہنے والے اثاثوں میں ملک بھر میں موجود سیلز دفاتر، اسلام آباد کا گودام، کراچی کے رہائشی یونٹس، مختلف رہائشی کالونیاں، گلگت، سکھر، ڈیرہ اسماعیل خان اور کراچی میں اراضی کے مختلف قطعات، کراچی کا ایوانٹ ہوٹل، جبکہ بیرونِ ملک نیویارک کا روزویلٹ ہوٹل اور پیرس کا سکرائب ہوٹل بھی شامل ہیں۔












