روم ( پاک ترک نیوز) اٹلی نے جرمنی کو چھٹی نسل کے جدید جنگی طیارے کی تیاری کے عالمی منصوبے ’جی سی اے پی‘ (GCAP) میں مکمل رکن کے طور پر شامل کرنے کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ اٹلی کا کہنا ہے کہ جرمنی کو ابتدائی طور پر مبصر کا درجہ دینے کی تجویز اس کی شمولیت محدود کرنے کے لیے نہیں بلکہ مکمل رکنیت کی راہ تیز کرنے کے لیے پیش کی گئی ہے۔یہ وضاحت برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آئی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اٹلی نے جرمنی کو برطانیہ اور جاپان کے برابر شراکت دار بنانے کی مخالفت کی ہے اور اسے صرف مبصر کا درجہ دینے کی تجویز دی ہے۔
تاہم اطالوی وزارت دفاع نے اس رپورٹ کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ روم ہمیشہ جرمنی کو منصوبے میں خوش آمدید کہنے کے لیے تیار رہا ہے۔ وزارت کے مطابق ابتدائی مبصر کی حیثیت سے جرمنی کو منصوبے کی معلومات اور پیش رفت تک فوری رسائی مل سکتی ہے، جس سے مستقبل میں مکمل رکنیت کا راستہ آسان ہوگا۔جرمنی کی جانب سے جی سی اے پی میں شمولیت کی دلچسپی اس وقت بڑھی جب فرانس، جرمنی اور اسپین کا مشترکہ جنگی طیارہ منصوبہ ’فیچر کامبیٹ ایئر سسٹم‘ (FCAS) جون 2026 میں صنعتی اختلافات کے باعث ختم ہوگیا۔ اس منصوبے میں خاص طور پر فرانس کی ڈسالٹ ایوی ایشن اور ایئربس کے درمیان قیادت اور ذمہ داریوں کی تقسیم پر اختلافات سامنے آئے تھے۔جی سی اے پی میں اس وقت برطانیہ، اٹلی اور جاپان شامل ہیں۔ ان ممالک کی جانب سے بالترتیب بی اے ای سسٹمز، لیونارڈو اور مٹسوبشی ہیوی انڈسٹریز اس منصوبے میں صنعتی شراکت دار ہیں۔ تینوں ممالک نے منصوبے میں برابر، یعنی 33.3 فیصد حصہ داری اور ذمہ داریوں کی تقسیم کا نظام قائم کر رکھا ہے۔جرمنی اس منصوبے میں ایئربس ڈیفنس اینڈ اسپیس کے ذریعے صنعتی کردار حاصل کرنا چاہتا ہے۔ جرمن وزیر دفاع بورس پسٹوریئس کے مطابق شمولیت کا فیصلہ اس بنیاد پر ہوگا کہ جرمنی کو صنعتی ذمہ داریوں، مالی اخراجات اور منصوبے کی مدت کے حوالے سے کیا فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل ماہانہ بنیاد پر کیا جائے ،پٹرول پمپ مالکان کا وزیراعظم کوخط
رپورٹ کے مطابق مبصر کا درجہ حاصل کرنے سے کسی ملک کو منصوبے کے اہم فیصلوں میں ووٹ یا فیصلہ سازی کا اختیار نہیں ملتا۔ یہ اختیار فی الحال برطانیہ، اٹلی اور جاپان کے پاس رہے گا۔ کینیڈا بھی جولائی 2026 میں اس منصوبے میں مبصر کی حیثیت سے شامل ہوا تھا۔جرمنی کی مکمل شمولیت میں سب سے بڑا چیلنج صنعتی ذمہ داریوں اور حصص کی ازسرنو تقسیم ہے۔ اگر جرمنی کو بھی برابر کا شراکت دار بنایا گیا تو ہر ملک کا حصہ 33.3 فیصد سے کم ہو کر 25 فیصد رہ جائے گا، جس سے موجودہ صنعتی معاہدوں پر نظرثانی کرنا پڑ سکتی ہے۔اٹلی اور جاپان کو خدشہ ہے کہ چوتھے صنعتی شراکت دار کی شمولیت سے ان کی کمپنیوں کو ملنے والا کام کم ہو سکتا ہے اور منصوبے میں تاخیر پیدا ہو سکتی ہے۔ تینوں موجودہ شراکت داروں نے 2035 میں پہلے جنگی طیاروں کی فراہمی کا ہدف برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔دوسری جانب جرمنی بھی بھاری مالی سرمایہ کاری کے بدلے اپنی دفاعی صنعت کے لیے مؤثر کردار اور مناسب ذمہ داریوں کا خواہاں ہے۔ یوں جی سی اے پی میں جرمنی کی شمولیت کا فیصلہ صرف سیاسی حمایت نہیں بلکہ مالی، صنعتی اور تکنیکی شرائط پر مذاکرات سے مشروط ہے۔












