اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) پاکستانی سائنسدان اور ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری کی پروفیسر ڈاکٹر حنا صدیقی کو برطانیہ کی رائل سوسائٹی آف کیمسٹری کی فیلو منتخب کرلیا گیا ہے۔ڈاکٹر حنا صدیقی جامعہ کراچی کے انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز سے وابستہ ہیں۔ انہیں ایف آر ایس سی کا اعزاز کیمیائی علوم کے فروغ اور تحقیق کے شعبے میں طویل اور نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر حنا صدیقی نے جامعہ کراچی سے آرگینک کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کی، جہاں ان کے نگران معروف سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چودھری تھے۔ بعد ازاں انہوں نے آئی سی سی بی ایس میں مختلف تحقیقی اور تدریسی ذمہ داریاں انجام دیں۔انہوں نے امریکا کی یونیورسٹی آف کنساس سے جدید تحقیقی تربیت حاصل کی، جبکہ جرمنی کی یونیورسٹی آف ٹوبنگن سے پوسٹ ڈاکٹریٹ ٹریننگ بھی مکمل کی۔ڈاکٹر حنا صدیقی کی سائنسی خدمات کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ان کے 70 سے زائد تحقیقی مقالے بین الاقوامی سائنسی جرائد میں شائع ہوچکے ہیں۔ ان کے نام امریکا کا ایک منظور شدہ پیٹنٹ اور متعدد مقامی پیٹنٹس بھی ہیں، جبکہ وہ ایک کتاب اور کئی کتابی ابواب کی مصنفہ بھی ہیں۔
ان کی تحقیق کا بنیادی مرکز نئی اینٹی انفیکٹیو ادویات کی تیاری ہے، جن میں بیکٹیریا، طفیلی جراثیم اور وائرس کے خلاف مؤثر مرکبات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ طبی اعتبار سے اہم انزائمز کو روکنے والے مرکبات اور نئے چھوٹے مالیکیولز تیار کرنے پر بھی کام کر رہی ہیں۔ڈاکٹر حنا صدیقی نے 35 سے زائد ایم فل اور پی ایچ ڈی طلبہ کی نگرانی بھی کی ہے۔ ان کے زیرِ نگرانی پاکستان کے علاوہ ایشیا اور افریقا سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے بھی تحقیق کی، جس سے نوجوان سائنسدانوں کی تربیت اور بین الاقوامی سائنسی تعاون کو فروغ ملا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی ڈیفنس میں نوجوان پر تشدد، مرکزی ملزم ابراہیم گرفتار
انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعدد مسابقتی تحقیقی گرانٹس بھی مل چکی ہیں، جبکہ وہ پاکستان اور بیرونِ ملک ورکشاپس، سمپوزیمز اور کانفرنسز میں 70 سے زائد لیکچرز دے چکی ہیں، جن میں کلیدی اور خصوصی لیکچرز بھی شامل ہیں۔ڈاکٹر حنا صدیقی مختلف ملکی اور غیر ملکی جامعات میں بطور ایڈجنکٹ پروفیسر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ وہ او آئی سی۔کامسٹیک ڈسٹنگوئشڈ اسکالر بھی ہیں اور او آئی سی کے رکن ممالک کے محققین کے درمیان سائنسی معلومات کے تبادلے اور تحقیقی استعداد بڑھانے میں کردار ادا کر رہی ہیں۔












