اسلام آباد (پاک ترک نیوز) پاکستان اور قطر کی مشترکہ سفارتی کوششوں نے مشرقِ وسطیٰ کی سیاست میں نئی امید جگا دی۔ سوئٹزرلینڈ میں ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات کے پہلے دور میں اہم پیشرفت سامنے آگئی۔
پاکستان نے سینتالیس سال میں پہلی بار ایران اور امریکا کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا ،خطے میں بڑے پیمانے پر تباہی رک گئی،سوئٹزر لینڈ میں پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے امریکا،ایران مذاکرات کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ،مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے حتمی معاہدے کیلئے ساٹھ روزہ روڈ میپ کی منظوری دے دی ہے جبکہ مذاکرات کی نگرانی کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
پاکستانی اور قطری وزارت خارجہ کے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت ہونے والا لیک لوسرن سمٹ مثبت اور تعمیری قرار دیا ، برگن سٹاک میں مزید تکنیکی مذاکرات کے لیے طریق کار طے کر لیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق۔۔ جوہری پروگرام، پابندیوں اور تنازعات کے حل کے لیے خصوصی ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے۔ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے براہِ راست رابطہ لائن قائم کی جائے گی۔
فریقین میں لبنان میں جنگ بندی پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے ڈی کنفلیکشن سیل بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ تکنیکی مذاکرات ہفتے بھر برگن اسٹاک میں جاری رہیں گے۔
ادھر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دعویٰ کیا ہے کہ بعض منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی، تیل اور پیٹروکیمیکل برآمدات میں رعایتوں اور آبنائے ہرمز پر بحری ناکہ بندی کے خاتمے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی
عباس عراقچی کے مطابق آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کیلئے براہِ راست رابطہ لائن قائم کی جائے گی جبکہ لبنان میں جنگ بندی کی نگرانی کیلئے ڈی کنفلیکشن سیل بھی بنایا جائے گا۔
امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں مثبت پیش رفت کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی آگئی۔برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت میں ایک ڈالر سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت 79.44 ڈالر ہوگئی ۔












