فیصل آباد ( پاک ترک نیوز) فیصل آباد میں مجسٹریٹ دفعہ 30 کی عدالت نے مسلم لیگ ن کے سابق و موجودہ اراکین اسمبلی اور وزرا سمیت 51 افراد کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ فیکٹری ایریا میں 2019 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں سڑکیں بلاک کرنے، املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش اور دیگر دفعات شامل ہیں۔
عدالت نے تھانہ فیکٹری ایریا کے ایس ایچ او کو حکم دیا ہے کہ تمام ملزمان کو گرفتار کرکے 12 اکتوبر کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔وارنٹ گرفتاری جاری ہونے والوں میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سابق رکن قومی اسمبلی حاجی اکرم انصاری، رکن صوبائی اسمبلی راؤ کاشف رحیم، مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک، رکن قومی اسمبلی شہباز بابر، سابق ارکان قومی اسمبلی اعجاز ورک اور میاں عبدالمنان، سابق رکن صوبائی اسمبلی شیخ اعجاز احمد، رکن صوبائی اسمبلی جعفر علی ہوچہ، سابق ارکان صوبائی اسمبلی فقیر حسین ڈوگر اور مہر حامد رشید، سابق رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف اور میاں قاسم فاروق سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کے بطور وزیراعلیٰ انتخاب کے خلاف درخواست 14 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر
ذرائع کے مطابق یہ مقدمہ اُس وقت درج کیا گیا تھا جب پی ٹی آئی حکومت کے دور میں مریم نواز کی رانا ثناء اللہ کی رہائش گاہ آمد کے موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی جانب سے احتجاج کیا گیا تھا۔












