انقرہ ( پاک ترک نیوز) ترکیہ اور عراق کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں تیزی، دونوں ممالک کے درمیان اہم حبور بارڈر گیٹ سے ایک ہی دن میں 2 ہزار 454 ٹرکوں کی روانگی کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔ ترک وزیر تجارت عمر بولات نے ریکارڈ کو علاقائی تجارت اور لاجسٹکس کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کا ثبوت قرار دے دیا۔
ترک وزیر تجارت عمر بولات کے مطابق 7 اگست کو عراق سے متصل حَبور بارڈر گیٹ سے ایک ہی دن میں 2 ہزار 454 ٹرک ترکیہ سے روانہ ہوئے، جو 2026 کے دوران روزانہ ٹرک روانگی کا نیا ریکارڈ ہے۔
حَبور بارڈر گیٹ ترکیہ کے صوبہ شرناک کے ضلع سیلوپی میں واقع ہے اور عراق کے ساتھ تجارت کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ تصور کیا جاتا ہے۔
ترک وزیر تجارت نے کہا کہ یہ ریکارڈ عراق کے ساتھ بڑھتی ہوئی تجارت، خلیجی ممالک کی جانب پھیلتے نئے ٹرانزٹ تجارتی راستوں اور ترکیہ کے علاقائی لاجسٹکس مرکز بننے کے عزم کی واضح علامت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مکہ دفاعی معاہدہ ایران کے لیے خطرہ نہیں اسماعیل بقائی
ان کا کہنا تھا کہ حَبور بارڈر گیٹ صرف ترکیہ اور عراق کے درمیان دوطرفہ تجارت کے لیے اہم نہیں بلکہ یہ اسٹریٹجک سلک روڈ تجارتی راہداری کا بھی اہم حصہ ہے، جو ترکیہ کو عراق کے راستے خلیجی ممالک اور دیگر عالمی منڈیوں سے جوڑتی ہے۔
عمر بولات کے مطابق ترکیہ اپنی تجارتی راہداریوں کو وسعت دے رہا ہے، لاجسٹکس کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنا رہا ہے اور برآمد کنندگان کو عالمی منڈیوں تک زیادہ تیزی اور مؤثر انداز میں رسائی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک دن میں 2 ہزار 454 ٹرکوں کی روانگی ترکیہ کی بڑھتی ہوئی تجارت اور مضبوط ہوتی لاجسٹک صلاحیت کا عملی ثبوت ہے۔
ترک وزیر تجارت نے ریکارڈ قائم کرنے میں کردار ادا کرنے والے برآمد کنندگان، ٹرک ڈرائیورز اور کسٹمز حکام کا بھی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ اپنی تجارتی راہداریوں کو مزید وسعت دینے، برآمدات بڑھانے اور ملک کو خطے کا اہم تجارتی مرکز بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔












