استنبول ( پاک ترک نیوز) کوپ 31 کے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب میں عالمی برادری سے ترقی پذیر ممالک کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کرنے کا مطالبہ، کہا پاکستان عالمی کاربن اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم کا ذمہ دار ہے، مگر موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات بھگت رہا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے محض وعدوں کے بجائے عملی اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں، جبکہ ترقی پذیر ممالک سے کیے گئے مالی اور دیگر وعدے بھی پورے کیے جائیں۔
کوپ 31 کے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ قدرتی آفات نہ صرف انسانی جانوں بلکہ معیشت اور بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچاتی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کا تقریباً ایک تہائی حصہ زیرِ آب آ گیا تھا، جس سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے اور ملک کو بھاری معاشی نقصان اٹھانا پڑا۔انہوں نے کہا کہ تباہ کن سیلاب کے دوران ترکیہ کی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے۔ وزیراعظم نے اجلاس کی شاندار میزبانی اور بہترین انتظامات پر ترک صدر کا شکریہ بھی ادا کیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، اس کے اثرات پوری دنیا کو متاثر کرتے ہیں، اس لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی سوڈانی صدر جنرل عبدالفتاح البرہان سے ملاقات
انہوں نے بتایا کہ پاکستان ماحول دوست اقدامات پر عمل پیرا ہے اور ملک میں 20 میگاواٹ روف ٹاپ سولر صلاحیت حاصل کی جا چکی ہے۔ وزیراعظم کے مطابق عالمی کاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، اس کے باوجود ملک موسمیاتی تبدیلی کے سنگین نتائج کا سامنا کر رہا ہے۔وزیراعظم نے ایک بار پھر عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے وعدوں کے مطابق تعاون فراہم کیا جائے۔











