مانسہرہ( پاک ترک نیوز) شدید برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر جھیل سیف الملوک جانے والی سڑک ہر قسم کی ٹریفک اور آمدورفت کے لیے فوری طور پر بند کر دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق یہ فیصلہ اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ، کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور مقامی پولیس کی رپورٹس کے علاوہ محکمہ موسمیات کی جانب سے ناران اور ملحقہ علاقوں میں شدید برفباری اور بارش کی پیش گوئی کے بعد کیا گیا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ برف جمع ہونے، لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے اور انسانی جانوں کو لاحق ممکنہ خدشات کے باعث جھیل سیف الملوک روڈ کو آئندہ احکامات تک مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔
مقامی انتظامیہ نے سیاحوں اور شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے جھیل جانے والی سڑک پر سفر سے مکمل گریز کریں۔
یہ بھی پڑھیں: نئے انتظامی یونٹس پر جلد ریفرنڈم کرایا جائے، فاروق ستار کا مطالبہ
تاہم کاغان ہائی وے ناران تک ٹریفک کے لیے کھلی ہے، جہاں تک مسافر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے سفر کر سکتے ہیں۔
حالیہ برفباری کے بعد جھیل سیف الملوک کے مقام پر دو فٹ سے زائد برف جمع ہو چکی ہے، جس کے باعث پھسلن کی صورتحال پیدا ہونے پر سڑک پر ٹریفک پہلے ہی معطل کر دی گئی تھی۔






