مظفر آباد ( پاک ترک نیوز) صدر آزاد جموں و کشمیر کے انتخاب کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آگئی، مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کے کاغذات نامزدگی چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل کے پاس جمع کرائے گئے۔کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، وزراء حکومت راجہ عمیر نعیم، راجہ ثاقب مجید اور دیگر ارکان اسمبلی بھی موجود تھے۔
ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری، وزراء حکومت سردار میر اکبر، راجہ آصف، چوہدری اسماعیل، سابق وزیر عامر الطاف، فاروق طاہر، طاہر انور، رکن اسمبلی نورین عارف اور میئر مظفرآباد پیر اسکندر گیلانی بھی ڈاکٹر نجیب نقی کے ہمراہ موجود تھے۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کے صدارتی امیدوار چوہدری لطیف اکبر نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔ چوہدری لطیف اکبر نے زوبیہ خورشید راجہ، فرزانہ یعقوب، دیوان چغتائی اور مختیار عباسی کے ہمراہ کاغذات جمع کرائے۔آزاد کشمیر کے صدر کا انتخاب 24 ستمبر کو قانون ساز اسمبلی ہال میں ہوگا۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق پولنگ صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک ہوگی، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع کردی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: قومی پہلوان محمد انعام بٹ کو بڑا ریلیف، ایشین گیمز میں شرکت کی اجازت
ذرائع کے مطابق صدارتی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور پیپلز پارٹی کے چوہدری لطیف اکبر کے درمیان مقابلہ ہوگا۔مسلم لیگ ن نے ڈاکٹر نجیب نقی خان کو صدارتی امیدوار نامزد کیا تھا۔ پارٹی کے پاس آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں اکثریت موجود ہے۔












