اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، سیاسی امور اور دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیرِ داخلہ نے صدرِ مملکت کو خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی موجودہ صورتحال، دہشت گردی کے واقعات اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں پر بریفنگ دی۔
صدر آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے خلاف پاک افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکار پوری قوم کا فخر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری کا میر پور ڈویژن کے الیکشن ماننے سے انکار
صدر مملکت نے کہا دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گرد عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا اور امن و استحکام کے لیے تمام ریاستی ادارے مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔












