پشاور(پاک ترک نیوز ) ایڈیشنل آئی جی ضم شدہ اضلاع احسن عباس نے انکشاف کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس آپریشن کے دوران خارجی حکمت اللہ عرف حمزہ کو گرفتار کر لیا ہے، جس کا تعلق افغانستان کے صوبے پکتیکا سے بتایا گیا ہے۔ گرفتار ملزم نے افغانستان میں کمانڈو تربیت حاصل کی اور پاکستان میں دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں اور منصوبہ بندی میں ملوث رہا ہے۔
مشیر اطلاعات محمود جان بابر کے ہمراہ مشترکہ پریس بریفنگ کرتے ہوئے احسن عباس نے بتایا کہ پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، جبکہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان متعدد شواہد عالمی سطح پر پیش کر چکا ہے۔
احسن عباس کے مطابق گرفتار خارجی حکمت اللہ عرف حمزہ سات نومبر کو حراست میں لیا گیا۔ وہ تیراہ کے راستے پشاور پہنچا تھا، جہاں اسے انٹیلی جنس آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں اس کی سرگرمیوں اور دہشت گرد منصوبوں سے متعلق اہم معلومات سامنے آئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے افغانستان میں طالبان کے دور میں کمانڈو تربیت حاصل کی تھی۔ وہ خارجی کمانڈر منصور کے ساتھ بطور محافظ بھی کام کر چکا ہے۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے پاکستان میں ایک خودکش حملہ آور کو تیار کیا اور مختلف دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں کردار ادا کیا۔
مشیر اطلاعات محمود جان بابر نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز ان کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کی کارروائی اور دہشت گرد کا ویڈیو بیان واضح پیغام ہے کہ دہشت گردوں کو اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل میں نئی پارلیمنٹ کا حلف، نیتن یاہو کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے گادی آئزنکوٹ سرگرم
پریس بریفنگ کے دوران گرفتار دہشت گرد کا ویڈیو بیان بھی دکھایا گیا، جس میں اس نے بتایا کہ وہ افغانستان میں طالبان کے دور میں زخمی ہوا تھا۔ اس نے ایک سال مفتی کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے اور بعد ازاں مدرسے میں تدریس شروع کرنے کا بھی ذکر کیا۔
ویڈیو بیان میں ملزم نے دعویٰ کیا کہ اس کی جلال آباد میں اکرمہ نامی شخص سے ملاقات ہوئی تھی اور اس نے اکرمہ کو خودکش حملے کے لیے تیار کیا۔












