پشاور(پاک ترک نیوز ) انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور عامر چمکنی کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے، جبکہ کامران بنگش، تیمور سلیم جھگڑا اور عرفان سلیم کی عبوری ضمانت میں 17 نومبر تک توسیع کر دی گئی۔
کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ولی محمد خان نے کی۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ کامران بنگش، تیمور سلیم جھگڑا اور عرفان سلیم بھی عدالت میں موجود تھے۔
اس مقدمے میں سہیل آفریدی، تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش، عرفان سلیم اور عامر چمکنی نامزد ہیں۔ تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کی بلند ترین عمارت جدہ ٹاور کی راہ میں نئی رکاوٹ
سماعت کے دوران ملزمان کے وکلا نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ آج مقدمے کی سماعت کے لیے تیار نہیں، لہٰذا سماعت ملتوی کی جائے۔
عدالت نے وکلا کی استدعا منظور کرتے ہوئے تینوں رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 17 نومبر تک توسیع کر دی اور کیس کی مزید سماعت بھی اسی تاریخ تک ملتوی کر دی












