تہران ( پاک ترک نیوز) خطے کی سلامتی کے لیے اہم پیش رفت، مکہ دفاعی اتحاد کے رکن ممالک اور ایران کے درمیان تہران میں اجلاس ہوا، جس میں علاقائی امن و سلامتی کے فروغ، مذاکرات جاری رکھنے اور باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق اجلاس کی میزبانی ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے کی، جبکہ ایرانی وفد کی سربراہی صدر مسعود پزشکیان نے کی۔اجلاس میں پاکستان کے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور ترک انٹیلی جنس کے سربراہ ابراہیم قالن نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: سہ ملکی سیریز،پاکستان اور سری لنکا آج آمنے سامنے
جاری اعلامیے کے مطابق خطے میں سلامتی کے قیام کے لیے علاقائی ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون ناگزیر ہے، جبکہ پائیدار امن کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنا ضروری ہے۔اجلاس میں خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، ایران پر حملوں کے اثرات اور فلسطین و لبنان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ چاروں ممالک کے درمیان تعاون مضبوط بنانے کے لیے بات چیت جاری رکھنے اور مشترکہ کوششوں کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔












