واشنگٹن (پاک ترک نیوز )امریکا نے ایران کے خلاف ممکنہ نئی فوجی کارروائی کے لیے تیاریاں تیز کر دیں، بحیرہ عرب میں تعینات امریکی طیارہ بردار بحری جہاز پر بھاری مقدار میں جدید ہتھیار منتقل کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جارج واشنگٹن پر اسٹینڈ آف لینڈ اٹیک میزائل اور بنکر بسٹر بم لوڈ کیے جا رہے ہیں۔ امریکی اخبار کی رپورٹر شیلبی ہولیڈے نے جہاز کے دورے کے دوران گولہ بارود کے بڑے ذخائر دیکھے۔
امریکی حکام کے مطابق فوج ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی کے لیے اپنی پوزیشن مستحکم کر رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان ہتھیاروں کو ایران کی زیرِ زمین جوہری تنصیبات اور مضبوط فوجی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
بنکر بسٹر بم کئی میٹر موٹی کنکریٹ اور چٹانوں کو چیر کر زیرِ زمین اہداف کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی سلامتی سے متعلق خدشات موجود ہیں۔ امریکی انٹیلی جنس بھی ایران کی جانب سے امریکی اہلکاروں پر ممکنہ حملوں کے خطرے میں اضافے سے خبردار کر چکی ہے۔
تاہم، رپورٹ میں ہتھیاروں کی منتقلی کو ممکنہ فوجی کارروائی کی تیاری قرار دیا گیا ہے، ایران پر حملے کے حتمی فیصلے یا کارروائی کے وقت کی تصدیق نہیں کی گئی۔












