اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیموں کے لیے متعدد بین الاقوامی سیریز طے کرلی ہیں، جس سے قومی کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور تجربے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔
پاکستان ہاکی ٹیم آئندہ دورۂ کوریا میں میزبان ٹیم کے خلاف چار میچز کھیلے گی۔ دورے کو قومی ٹیم کی تیاریوں اور بین الاقوامی سطح پر تجربے میں اضافے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب روسی ہاکی فیڈریشن نے پاکستان وائٹس ٹیم کو دو طرفہ سیریز کھیلنے کی دعوت دی ہے۔ پاکستان وائٹس اور روس کے درمیان 26 اگست سے 2 ستمبر تک سیریز کھیلی جائے گی، جس میں تین سے چار میچز شامل ہوں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق بین الاقوامی سیریز سے قومی کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا تجربہ اور قیمتی ایکسپوژر حاصل ہوگا، جو مستقبل کے بڑے مقابلوں میں کارکردگی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ہاکی ورلڈ کپ کے لیے 20 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان
پی ایچ ایف نے اس عزم کا بھی اظہار کیا ہے کہ مرد و خواتین کے ساتھ ساتھ سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کو بھی باقاعدگی سے عالمی سطح پر کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ پاکستان میں ہاکی کا ٹیلنٹ عالمی معیار کے مطابق تیار ہوسکے۔
فیڈریشن کے مطابق مسلسل بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت قومی ٹیموں کی رینکنگ، تجربے اور مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے اہم ثابت ہوگی۔










