لاہور( پاک ترک نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے جعلی سمز کے ذریعے بینک اکاؤنٹس سے رقم منتقل کرنے کے مقدمے میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ بینک صارفین کا خفیہ ڈیٹا بھی قانون کی نظر میں جائیداد ہے اور اس کا غیر قانونی استعمال فوجداری ذمہ داری کا باعث بن سکتا ہے۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے 19 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں بینک ملازم محمد عاطف کی بعد از گرفتاری ضمانت مسترد جبکہ سم فرنچائز کے مالک محمد عثمان کی ضمانت 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جدید بینکاری کے نظام میں کسٹمر کے خفیہ ڈیٹا تک رسائی دراصل اس کے مالی مفادات تک رسائی کے مترادف ہے، لہٰذا اگر کوئی بینک ملازم اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرے تو اس پر فوجداری بددیانتی کی دفعات بھی لاگو ہو سکتی ہیں۔
فیصلے میں کہا گیا کہ سائبر بینک فراڈ جیسے مقدمات میں ہر ملزم کا کردار الگ الگ شواہد کی بنیاد پر ثابت کرنا ضروری ہے۔ عدالت کے مطابق بینک ملازم محمد عاطف کے خلاف بادی النظر میں کافی شواہد موجود ہیں، اس لیے ان کی ضمانت منظور نہیں کی جا سکتی۔
عدالت نے بتایا کہ یہ مقدمہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی درخواست پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے درج کیا، جس میں ملزمان پر بینک صارفین کا خفیہ ڈیٹا لیک کر کے جعلی سمز جاری کرانے اور ان کے ذریعے شہریوں کے بینک اکاؤنٹس سے رقوم منتقل کرنے کا الزام ہے۔
سرکاری وکیل کے مطابق یہ ایک منظم سائبر بینک فراڈ تھا، جس میں ہر ملزم نے الگ کردار ادا کیا۔ پراسیکیوشن کا مؤقف تھا کہ بینک ملازم محمد عاطف نے خفیہ معلومات تک رسائی حاصل کر کے فراڈ میں سہولت فراہم کی، جبکہ جعلی سمز کے ذریعے چھ شہریوں کے اکاؤنٹس سے ایک کروڑ چار لاکھ روپے منتقل کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کو مذاکرات کی کوئی دعوت نہیں دی :اسپیکر قومی اسمبلی
دوسری جانب محمد عثمان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل نے مبینہ جعلی سمز جاری نہیں کیں، نہ ان سے کوئی مشکوک ڈیوائس برآمد ہوئی اور نہ ہی جرم سے حاصل ہونے والی رقم ملی۔ عدالت نے قرار دیا کہ محمد عثمان کے خلاف براہ راست شواہد کی مزید جانچ ضروری ہے، اس لیے انہیں بعد از گرفتاری ضمانت دی جا رہی ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید قرار دیا کہ مقدمے میں پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے ساتھ ساتھ پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات بھی لاگو ہو سکتی ہیں۔












