لاہور( پاک ترک نیوز) کرکٹر محمد رضوان کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے جاری طلبی کے نوٹس کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے ریلیف نہ مل سکا، عدالت نے محمد رضوان کے پیش نہ ہونے پر درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم نے درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ کو شوکاز نوٹس کا جواب دینا ہوگا اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ آپ کو حقائق چھپانے پر بھاری جرمانہ ہونا چاہیے۔درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ کھیل میں اچھی اور بری کارکردگی کھیل کا حصہ ہوتی ہے، کرکٹر کی کارکردگی کو بنیاد بنا کر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے غیرقانونی طلبی کے نوٹس جاری کیے۔درخواست میں کہا گیا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو جواب جمع کرایا گیا، تاہم متعلقہ حکام نے جواب مسترد کرکے دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کردیئے۔
یہ بھی پڑھیں: پمز آتشزدگی: زندہ بچائی گئی نومولود بچی بھی دم توڑ گئی، جاں بحق بچوں کی تعداد 15 ہوگئی
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ محمد رضوان کو جاری کیے گئے طلبی کے نوٹس کالعدم قرار دیے جائیں۔تاہم عدالت نے محمد رضوان کے پیش نہ ہونے پر درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور قرار دیا کہ متعلقہ قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔












