لاہور( پاک ترک نیوز) حکومت اور جماعت اسلامی کی سب کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا آج آخری دور ہوگا۔ جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کے مطابق اجلاس ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی میزبانی میں وزارتِ خارجہ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوگا۔لیاقت بلوچ نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ مہنگا تیل، بجلی اور گیس کے بھاری بلوں کے ساتھ ٹیکسوں کا بوجھ عوام کے لیے ناقابلِ برداشت ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈ کیس: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت آج ہو گی
لیاقت بلوچ نے سرکاری محکموں میں کرپشن کو قومی معیشت کے لیے بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور گیس کی درآمد کے شعبے میں مافیا کے خاتمے سے معیشت کا پہیہ چلانے میں مدد مل سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عوام کو ریلیف دلانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور امید ہے کہ یہ کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوں گی۔












