پیرس ( پاک ترک نیوز) برطانیہ کے بادشاہ کنگ چارلس سوم نے یورپ کی پہلی ماحول دوست مسجد کیمبرج سینٹرل مسجد کا دورہ کیا اور اس کے منفرد ڈیزائن، ماحول دوست خصوصیات اور تعمیر میں کی گئی باریک بینی کو بھرپور انداز میں سراہا۔
کنگ چارلس کا مقامی شہریوں، مسلم کمیونٹی کے نمائندوں اور دیگر معزز شخصیات نے پرتپاک استقبال کیا۔ مسجد میں داخل ہونے سے قبل انہوں نے روایت کے مطابق اپنے جوتے اتارے اور نماز ہال کا بھی دورہ کیا۔
دورے کے دوران بادشاہ کو مسجد کی ماحول دوست خصوصیات سے آگاہ کیا گیا۔ انہیں بتایا گیا کہ مسجد میں توانائی بچانے والے ہیٹ پمپس، سولر پینلز، بارش کے پانی اور وضو کے لیے استعمال ہونے والے سنک کے اضافی پانی کو دوبارہ قابلِ استعمال بنانے کا نظام موجود ہے، جبکہ عمارت کو سال بھر قدرتی روشنی فراہم کرنے کے لیے چھت میں بڑے اسکائی لائٹس نصب کیے گئے ہیں۔
کنگ چارلس کو ایک ہزار نمازیوں کی گنجائش رکھنے والی اس مسجد پر مبنی ایک کتاب بھی پیش کی گئی۔اس موقع پر کنگ چارلس نے کہا کہ وہ مسجد کے ڈیزائن، معیار اور اس کی تعمیر میں کی گئی محنت سے بے حد متاثر ہوئے ہیں۔
شاہ چارلس نے کہامیں اس عمارت کے اعلیٰ معیار کے ڈیزائن اور اس پر کی گئی غیر معمولی توجہ سے بہت متاثر ہوں۔ یہ مسجد نہ صرف مسلم کمیونٹی بلکہ پورے کیمبرج کے لیے ایک قیمتی اضافہ ہے۔
شاہ چارلس نے امید ظاہر کی کہ یہ مسجد مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی اور بین المذاہب تعاون کی ایک بہترین مثال بنتی رہے گی۔
دورے کے دوران کنگ چارلس نے وہاں موجود اسکول کے بچوں سے خوشگوار انداز میں گفتگو بھی کی اور مذاقاً کہا کہ امید ہے انہیں یہاں بلا کر ان کی چھٹیاں زیادہ خراب نہیں کیں۔
بادشاہ نے اپنے دادا کنگ جارج ششم کی جانب سے کیمبرج کو شہر کا درجہ دیے جانے کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر یادگاری تختی کی بھی نقاب کشائی کی۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹریٹولانچ کے تیز رفتار طیارے کی10 سے زائد ہائپر سونک پروازیں مکمل
مسجد کی ٹرسٹی زینب کوشکن نے بادشاہ کی آمد کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ کنگ چارلس نہایت خوش اخلاق تھے، انہوں نے ہر فرد سے بات کی اور سب کے کردار کو سمجھنے کی کوشش کی۔
بعد ازاں کنگ چارلس نے کیمبرج یونیورسٹی کے 58 ملین پاؤنڈ کی لاگت سے قائم ہونے والے نئے وِٹل لیبارٹری کا بھی افتتاح کیا۔ یہ مرکز ماحول دوست ہوابازی اور صاف توانائی کے شعبے میں جدید تحقیق اور اختراعات کے لیے قائم کیا گیا ہے۔












