اسلام آباد( پاک ترک نیوز ) وفاقی وزیر امورِ کشمیر امیر مقام نے کہا ہے کہ 1989 سے اب تک 93 ہزار کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، تاہم بھارتی بربریت اور قید و بند کی صعوبتیں کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت اور جذبۂ آزادی ختم نہیں کر سکیں۔اسلام آباد میں یومِ سیاہ کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ پاکستان کے عوام جدوجہدِ آزادی میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ بہادر کشمیریوں نے بھارت کے غیر قانونی تسلط کو کبھی قبول نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر بنے گا پاکستان ہر کشمیری اور پاکستانی کے دل کی آواز ہے، اسحاق ڈار
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیریوں کا جذبۂ حریت متزلزل نہیں ہوا۔ بھارت کے پاس کشمیری عوام کو آزادی دینے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔امیر مقام کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور کشمیری عوام اپنی منزل حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن بھارت نے غیر قانونی طور پر کشمیر پر قبضہ کیا تھا، اسی مناسبت سے دنیا بھر میں کشمیری یومِ سیاہ منا رہے ہیں۔












