اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات آرڈیننس 1961 میں ترمیم کا فیصلہ کر لیا ہے، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک آج پیٹرولیم مصنوعات ترمیمی بل 2026 قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت اسپیکر سردار ایاز صادق کریں گے۔ اجلاس کے لیے 18 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے، جس میں قانون سازی، مختلف بلوں کی منظوری اور عوامی اہمیت کے معاملات شامل ہیں۔ایجنڈے کے مطابق وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی مختلف تعلیمی اداروں کے قیام سے متعلق بلز ایوان میں پیش کریں گے، جبکہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کی تنظیم نو سے متعلق بل 2025 بھی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
اجلاس میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) آرڈیننس 2026 میں 120 روز کی توسیع سے متعلق قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی ریلوے بورڈ بل 2026 قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ حکومت کے دو بلز کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے سپرد کرنے سے متعلق قراردادیں بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں بھاری تعلیمی فیسوں کے معاملے پر توجہ دلاؤ نوٹس بھی پیش کیا جائے گا، جس کے ذریعے اس اہم مسئلے کو ایوان میں زیر بحث لایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: یورپ کا گلیلیو نیویگیشن نظام مزید جدید بنانے کا فیصلہ، 4 نئے سیٹلائٹس کے معاہدے
اجلاس کے دوران مختلف قانونی اور انتظامی معاملات پر کارروائی ہوگی، جبکہ ایجنڈے میں شامل بلوں اور قراردادوں پر ایوان کی کارروائی اہمیت کی حامل ہوگی۔












